لاہور: جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر 9 مئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے دورہ کیا ۔
عوام نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ سول سوسائٹی نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ قومی املاک اور تاریخی اثاثوں کے تقدس کی پامالی پر عوام نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے تشدد اور دہشت گردی کو بطور قوم مسترد کرنے پر زور دیا۔ سول سوسائٹی نے انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور اجتماعی اصلاح کے لیے باہمی رواداری اور اتحاد پر زور دیا۔ جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کا دفتر صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک اور پھر سہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔
لاہور پولیس اب تک 340 ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے جنہوں نے مبینہ طور پر لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کیا، قیمتی سامان لوٹ لیا، سینئر افسر کے اہل خانہ سے بدتمیزی کی اور گھر کو آگ لگا دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری کرنے والے اور توڑ پھوڑ کے دوران کور کمانڈر کی وردی پہننے والے مرکزی ملزم کو بھی مبینہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان مشتعل افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ پرتشدد پی ٹی آئی کارکن آتشیں اسلحے، لاٹھیوں، پتھروں اور پیٹرول بموں سے لیس تھے۔
شرپسندوں کی جانب سے فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد، آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ 9 مئی 2023 – جس دن پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں افراتفری پھیلی تھی – تاریخ میں ایک “سیاہ باب” کے طور پر لکھا جائے گا۔
