English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آزاد کشمیر پولیس کا ریاستی رٹ بحال کرنے کا دعویٰ

القمر

راولاکوٹ : آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں گزشتہ 24گھنٹوں سے جاری کشیدگی اور پرتشدد واقعات کے بعد پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر مکمل قابو پانے کا دعویٰ کردیا۔

 ترجمان آئی جی آزاد کشمیر پولیس کے مطابق راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح اور پرتشدد شرپسند عناصر کو منتشر کرکے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو پوری طرح بحال کر دیا گیا ہے۔

 کالعدم ایکشن کمیٹی نے گزشتہ روز راولاکوٹ شہر کے مختلف مقامات پر پرتشدد کارروائیاں کر کے امن و امان کی صورتحال کو شدید خراب کیا۔

 گزشتہ روز سے جاری اس پرتشدد لہر کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح شرپسندوں نے سنگین حد پار کرتے ہوئے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ کر لیا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 7 اور 8 جون کی درمیانی شب اس محاصرے کو کامیابی سے ختم کرایا۔

 احتجاج کی آڑ میں مسلح شرپسندوں نے شہر کے مختلف مقامات پر آگ لگائی اور سرکاری و نجی املاک کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ترجمان آئی جی نے کہا کہ 6 جون سے اب تک ہونے والے ان پرتشدد واقعات میں جانوں کا ضیاع ہوا، پرتشدد عناصر کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

 آئی جی آفس کے ترجمان نے راولاکوٹ کے شہریوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں کے خاتمے کے بعد شہر کی بیشتر بڑی شاہراہیں اور رابطے سڑکیں ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

 شہر کے بازاروں اور تجارتی مراکز میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو چکی ہیں، آزاد کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔

ترجمان پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وطن کے جن بیٹوں نے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی نمازِ جنازہ جلد ہی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔

 کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح اور پرتشدد شرپسندوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا عمل تیزی سے جاری ہے، عام عوام قانون کا ساتھ دیں اور کالعدم ایکشن کمیٹی یا اس سے وابستہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی اور احتجاج میں شرکت سے قطعاً گریز کریں۔

  • ویب ڈیسک
  • Faiz alam babar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے