English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کشیدگی میں اضافہ ہوا تو اسرائیل تنہا رہ سکتا ہے، ٹرمپ

القمر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ ایران کے خلاف کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو ممکن ہے اسرائیل کو اکیلے حالات کا سامنا کرنا پڑے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو ایران پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملوں سے متعلق آخری لمحات میں اطلاع دی گئی، انہوں نے گزشتہ رات ٹیلیفون پر نیتن یاہو سے بات کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں فوری ردعمل سے گریز کیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق اس گفتگو کے باوجود صورتحال پر کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی، ٹرمپ کے قریبی معاونین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تاثر ملا کہ امریکی صدر کی کوششوں کے نتیجے میں اسرائیلی ردعمل کو وقتی طور پر مؤخر کرنے میں کچھ حد تک کامیابی حاصل ہوئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اسی رات اسرائیلی وزیراعظم نے اعلیٰ سکیورٹی حکام سے مشاورت کے بعد امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ایران پر حملے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، حملے اس وقت کیے گئے جب میزائل پہلے ہی فضا میں روانہ ہو چکے تھے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے امریکا کو حملوں کے بارے میں اس وقت اطلاع دی جب کارروائی شروع ہو چکی تھی، وہ حملوں کی شدت کو محدود کرنے میں کامیاب رہے۔

امریکی صدر کے مطابق خطے کے پانچ ممالک نے ثالثی کے دوران ان سے درخواست کی کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی دوران ایرانی حکام نے بھی امریکا سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ مزید جوابی کارروائی نہیں کریں گے۔

ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے دوبارہ نیتن یاہو سے بات کی اور انہیں مزید حملے روکنے پر آمادہ کیا، ایران کے ساتھ معاہدے کے امکانات اب بھی موجود ہیں اور تہران اس پر دستخط کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے