پشاور: خیبر پختونخوا میں آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق مختلف علاقوں میں شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے چھتیں اُڑ گئیں اور دیواریں گر گئیں۔
بنوں کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے جھکڑوں نے گھروں کی چھتیں اڑا دیں جب کہ دیواریں گرنے اور دیگر حادثات میں 11 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب لکی مروت میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔طبی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ڈی جی ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
