سری نگر/جمعہ کے خطبوں کے لیے مشترکہ خاکہ متعارف کرانے کی تجویز پر سیاسی اور مذہبی حلقوں میں مخالفت کے درمیان کشمیر کے میرواعظ عمر فاروق چرار شریف کی درگاہ میں جمعہ کا خطبہ دیں گے۔چرار شریف کی درگاہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا انتظام جموں و کشمیر وقف بورڈ کے پاس ہے، جس کی سربراہی بی جے پی کی سینئر لیڈر درخشاں اندرابی کر رہی ہیں۔
میرواعظ کی سربراہی میں قائم انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے اعلان کیا ہے کہ روایت کے مطابق کشمیر کے میرواعظ جمعہ کو چرار شریف کی درگاہ میں خصوصی خطاب کریں گے۔؎انجمن کے مطابق، میرواعظ اس موقع پر صوفی بزرگ شیخ نورالدین نورانی، المعروف شیخ العالم، کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔
انجمن نے کہا کہ میرواعظ اپنے خطاب میں ایمان، اتحاد اور اخلاقی تجدید سے متعلق شیخ العالم کی تعلیمات اور موجودہ معاشرے میں ان کی دیرپا اہمیت پر اظہار خیال کریں گے۔ انجمن نے عقیدت مندوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس اجتماع میں شرکت کریں۔میرواعظ کا یہ خطاب ایسے وقت میں ہورہا ہے جب مساجد اور درگاہوں میں جمعہ کے خطبوں کے لیے مشترکہ موضوعات متعارف کرانے کی وقف بورڈ کی تجویز کی مخالفت بڑھتی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور مذہبی رہنماؤں نے اس پہل پر تنقید کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اس اقدام کو ’’بی جے پی کی جانب سے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کی ناقابل قبول کوشش‘‘قرار دیا۔
تاہم، وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ بورڈ سے وابستہ خطیب اس معاملے میں خود فیصلہ کرسکتے ہیں۔اس تنازع نے وقف بورڈ، جس کی سربراہی بی جے پی رہنما درخشاں اندرابی کررہی ہیں، اور کشمیر کی روایتی اسلامی قیادت کے درمیان اس وسیع تر کشمکش کو نمایاں کردیا ہے کہ وادی کے مذہبی معاملات کی رہنمائی اور ان کی سمت متعین کرنے کا اختیار کس کے پاس ہونا چاہیے۔