جموں/نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) جموں نے ایک بڑے ہیروئن اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے 5.160 کلوگرام ہیروئن ضبط کی اور تین منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرلیا، جن میں مبینہ سرغنہ بھی شامل ہے۔این سی بی کے ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے جموں کے پنچ تیرتھی علاقے میں ایک گاڑی کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران بارہمولہ کے رہنے والے دو افراد کے قبضے سے 5.160 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
تحقیقات کے دوران ایک اور اہم سراغ کی بنیاد پر بارہمولہ کے رہنے والے مبینہ سرغنہ اور منشیات فراہم کرنے والے شخص کی تلاش شروع کی گئی۔ این سی بی ٹیم نے اسے لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے لہہ میں تلاش کرکے دو دن کے اندر گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ضبط کی گئی ہیروئن ایک منظم سرحد پار اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہے اور منشیات پاکستان سے آکر اوڑی سیکٹر کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔این سی بی کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھاتے ہوئے سرحد پار سپلائرز، مالیاتی روابط، ٹرانسپورٹروں، مقامی معاونین اور منشیات کی ممکنہ تقسیم کے پورے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جارہا ہے۔
این سی بی جموں نے رواں ماہ 12 اگست کو 438 گرام اور 13 اگست کو 603 گرام ہیروئن بھی ضبط کی تھی۔ بیورو نے منشیات کے خلاف کارروائی میں عوام سے نیشنل نارکوٹکس ہیلپ لائن مانس (1933) کے ذریعے معتبر معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔