پنجاب میں منشیات کے خلاف آواز اٹھانے والے سماجی کارکن پرویندر سنگھ جھوٹا کے قتل پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھگونت مان حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف آواز اٹھانا اب جان لیوا ہو گیا ہے اور یہ بھگونت مان کی عام آدمی پارٹی کے دور حکومت ہو رہا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’پنجاب میں نشے کے خلاف آواز اٹھانا اب جان لیوا ہو گیا ہے۔ اور یہ بگھونت مان کی عآپ حکومت میں ہو رہا ہے۔‘‘
راہل گاندھی اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’مانسا میں ’نشہ روکو، روزگار دو‘ مہم چلانے والے پرویندر سنگھ جھوٹا کو دن دہاڑے گولی مار دی گئی جو ایک فیس بک لائیو پر صاف طور پر دکھائی دیا۔ سنگرور وزیر اعلیٰ کا اپنا ضلع ہے، وہاں مزدور گلزار سنگھ نے وزیر کے سامنے گاؤں میں نشے کا سوال اٹھایا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس کے بعد ان پر معافی مانگنے کا دباؤ ڈالا گیا۔ انہوں نے اپنی جان دے دی۔ سنگرور میں نشے کے خلاف بولنے والے موہن جیت سنگھ پر حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا جانے کا الزام ہے، معاملہ اب ہائی کورٹ میں ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
راہل گاندھی پرویندر سنگھ کے حوالے سے مزید لکھتے ہیں کہ ’’جھوٹا کی کہانی میں ایک بات اور ہے۔ جب انہوں نے شکایت کی تو ایف آئی آر ہوئی اور پولیس نے بعد میں جھوٹا کو بھی بُک کر دیا۔‘‘ ان کے مطابق جس حکومت میں شکایت کرنے والا بھی ملزم بن جائے، وہاں نشے کے سوداگر بے خوف کیوں نہ ہوں؟ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’وزیر اعلیٰ بھگونت مان جواب دیں، نشے کے خلاف لڑنے والوں کی حفاظت کون کرے گا؟‘‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے عزم مصمم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے والے اس نشے کی سلطنت کو ختم کیے بغیر کانگریس چین سے نہیں بیٹھے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
قابل ذکر ہے کہ پرویندر سنگھ جھوٹا کو منگل (13 اکتوبر) کی صبح گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پرویندر سنگھ طویل عرصے سے علاقے میں منشیات کے کاروبار کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے۔ وہ نہ صرف لوگوں کو منشیات فروخت کرنے سے روکتے تھے، بلکہ ملزموں کو پکڑنے کی کوشش بھی کرتے تھے۔ اسی وجہ سے اکثر و بیشتر تنازعہ ہوتا رہتا تھا۔ پرویندر سنگھ جھوٹا مانسا میں ’اینٹی ڈرگ ٹاسک فورس‘ نامی سماجی تنظیم چلاتے تھے۔ ان کا بنیادی مقصد علاقے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر روک لگانا اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنا تھا۔ وہ طویل عرصے سے اس مہم سے وابستہ تھے اور مقامی سطح پر منشیات کے خلاف سرگرم تھے۔