پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے امریکی صدر کی جانب سے فوجی کارروائی کے بیان پر شدید مذمت کردی۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ چو سون ہوئی نے کہا کہ ٹرمپ کے نفرت آمیز بیانات سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے اور یہ طرز عمل ایک ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ تھااور اس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو ایک مرتبہ پھر ’راکٹ مین ‘قرار دے کر کمیونسٹ ملک کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا امکان ظاہر کیا تھا۔ دوسری جانب امریکی تحقیقی ادارے مڈلبری انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کا کہنا ہے کہ مصنوعی سیارے سے لی گئی تصویر سے شمالی کوریا کی ایک لانچ سائٹ پر بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے شواہد ملے ہیں۔ ادارے نے شمالی کوریا کے شمال مغربی علاقے تون چانگری میں جوہری مقام کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ پلانیٹ لیبز کے زیر انتظام ایک مصنوعی سیارے نے یہ تصویر جمعرات کے روز کھینچی تھی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ تصویر میں ایک اسٹینڈ کے قریب بڑا شپنگ کنٹینر دکھائی دے رہا ہے، جو بیلسٹک میزائل انجن کے تجربات کے لیے استعمال ہو تا ہے۔ مشرقی ایشیا میں انسداد جوہری پھیلاؤ پروگرام کے ڈائریکٹر جیفری لْوئس کا کہنا تھا کہ کنٹینر کو تصویر لینے سے کچھ دیر پہلے ہی وہاں لایا گیاتھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی سرگرمی ہے جو ادارے نے اس مقام پر دیکھی ہے۔
