اسکول بیگ بنانے والی فیکٹری میں گزشتہ روز صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھی
اناج منڈی میں واقع فیکٹری میں 150مزدور سو رہے تھے ‘ 50کوریسکیو عملے نے بچا لیا
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی فیکٹری میں آتشزدگی سے 43 افراد زندہ جل گئے۔رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے علاقے اناج منڈی میں واقع اسکول بیگ بنانے والی فیکٹری میں گزشتہ روز صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی حکام نے 43 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گارگ نے بتایاکہ جھلسنے والے 56 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔بتایاگیا ہے کہ فیکٹری میں 150مزدور سو رہے تھے جن میں سے 50کوریسکیورز نے بچا لیا۔وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنیوالوں کے لواحقین کیلئے دس دس لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے سانحے سے نمٹنے کے لیے حکام کو تمام تر سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کردی۔

