اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ جاپان پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا، دسمبر 2019ء سے نومبر 2020ء تک 5 سال تک کے 2 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف حاصل کیا جا سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جائیکا اوریونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان 2020 ء میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے مؤثر پولیو مہمات کی منصوبہ بندی کر چکا ہے جن میں 3 قومی انسداد مہمات اور 3 ضمنی قومی مہمات ہوں گی۔ حکومت جاپان 1996ء سے اب تک انسداد پولیوکے لیے 221.87 ملین امریکی ڈالر کے فنڈفراہم کر چکی ہے۔ یونیسیف کی سربراہ آئیڈہ گرما نے کہا کہ حکومت جاپان کی جانب سے امداد کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ پاکستان کو پولیو وائرس کی روک تھام کے لیے کوششیں تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں جائیکا کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ جائیکا پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
پولیو ویکسین
