ماسکو/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی حکومت نے اپنے ملک کے ہر کونے میں بیلسٹک میزائل نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق ماسکو کے مغرب میں واقع کالوگا علاقے میں یارس نامی بیلسٹک میزائل نصب کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل بھی روس نے اسٹریٹیجک میزائل قوتوں کے سال کی مناسبت سے استراخان کے علاقے کاپوستین میں بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان میزائلوں کی تنصیب آیندہ سال بھی جاری رہے گی، جب کہ ملک بھر کے 50 فیصد فوجی اڈوں کو 2021ء تک ان میزائلوں سے لیس کردیا جائے گا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب پورپی یونین کے رکن ممالک کو خطے میں روس کی عسکری سرگرمیوں پر تشویش ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ نے 2020ء نیشنل ڈیفنس اتھارٹی ایکٹ کے تحت خلائی فوج کی تیاری کے لیے دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی۔ امریکی ایوان بالا کی جانب سے منظور ہونے والے دفاعی بجٹ کا تخمینہ 738 ارب ڈالر ہے، جس کے تحت خلائی فوج تیار کی جائے گی، جب کہ افغانستان میں جنگ سے لے کر روس کے خلاف انٹیلی جنس کوششوں کو بڑھانے تک کئی فوجی سرگرمیوں کے لیے مالی اعانت بھی مل سکے گی۔ ایوانِ بالہ کی جانب سے منظور ہونے والے دفاعی بجٹ میں فوجیوں کی تنخواہوں میں 3.1 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ تمام وفاقی ملازمین کے لیے پہلی بار چھٹیوں پر معاوضہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ادھر امریکی سینیٹ نے روس جرمنی گیس پائپ لائن کی تعمیر پر پابندیاں عائد کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ امریکی سینیٹ میں بل کی منظوری کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا کہ وہ اس تاریخی دفاعی قانون پر فوری طور پر دستخط کریں گے۔
