کوالالمپور (خبر ایجنسیاں ) ڈالر کی اجارہ داری ختم کرنے کیلیے اسلامی ممالک کی مشترکہ کرنسی متعارف کروانے کی تیاریاں، ملائیشیا کے وزیراعظم نے کوالالمپور کانفرنس کے دوران اسلامی دینار نامی کرنسی متعارف کروانے کی تجویز پیش کر دی، بیشتر ممالک نے تجویز سے اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے مسلمان ممالک کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور امریکی ڈالر کی اجارہ داری ختم کرنے کیلیے ایک بہترین تجویز پیش کی ہے۔مہاتیر محمد نے کوالالمپور کانفرنس کے دوران تجویز پیش کی ہے کہ تمام اسلامی ممالک امریکی ڈالر پر اپنا انحصار کم کرنے اور معاشی ترقی حاصل کرنے کیلیے اسلامی دینار نامی ایک مشترکہ کرنسی بنائیں اور اس کرنسی میں ہی ایک دوسرے کیساتھ تجارت کی جائے۔اس کے علاوہ کوالالمپور کانفرنس میں مسلمان ممالک کے سربراہان کی میزبانی کرتے ہوئے اپنے افتتاحی خطاب میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے مسلمانوں کی موجودہ حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اسلام، مسلمانوں اور ان کی ریاستوں کو درپیش ‘بحران کی حالت، بے بس اور اس عظیم دین سے دوری’ کے حوالے سے درپیش مسائل کو سمجھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ اسلام کے بارے میں دنیا کے تاثرات، اسلامو فوبیا کے عروج، اسلامی تہذیب کے زوال اور مسلم اقوام کو درکار حکمرانی میں اصلاحات پر روشنی ڈالنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم کسی کے ساتھ تفریق نہیں کررہے یا کسی کو الگ تھلگ نہیں کررہے۔
