English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق میں نامزد وزیراعظم کے خلاف عوام کا احتجاج

بغداد: حکومت مخالف مظاہرین نے تحریر اسکوائر پر خیمے لگا کر دھرنا دے رکھا ہے

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی عوام نے نئی حکومت میں وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے وزیر تعلیم قصی سہیل کی نامزدگی کو مسترد کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق دارالحکومت بغداد، بصرہ اور دیگر صوبوں میں مظاہرین نے احتجاج کیا۔ قصی سہیل کی نامزدگی کے اعلان کے بعد جنوبی صوبوں سے مظاہرین بغداد کے تحریری اسکوائر پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ مظاہرین کا موقف ہے کہ وہ وزیر اعظم کے طور پر کسی بھی ایسے شخص کو قبول نہیں کریں گے، جو پہلے کسی وزارت کے منصب پر کام کر چکا ہو۔ دوسری جانب مذہبی رہنما آیت اللہ علی سیستانی نے کہا ہے کہ سیاسی بحران کا حل صرف نئے پارلیمانی انتخابات میں ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ نئی منتخب ہونے والی حکومت ہی ان حالات کو ٹھیک کرسکتی ہے۔ یاد رہے کہ عراق میں یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں میں 450سے سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ چند روز قبل اقوام متحدہ نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بغداد میں ہونے والی ہلاکتوں کے صحیح اعدادوشمار پیش کرے۔ ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک نامعلوم ملیشیا کو میدان میں لایاگیا اور پولیس نے باقاعدہ انہیں راستہ دے کر کارروائی کی راہ ہموار کی۔ اس دوران بغداد میں بجلی بھی بند کردی گئی۔ یہ مظاہرین ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن، بدانتظامی اور حکومت کی ناکامی کے باعث سڑکوں پر آئے تھے۔ انہوں نے کئی ہفتوں سے دارالحکومت بغداد کے تحریر اسکوائر پر دھرنا دے رکھا ہے، جب کہ دیگر شہروں میں بھی احتجاج جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے