مکہ مکرمہ(صباح نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں روزانہ انسانیت سوز واقعات رونما ہو رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں بھارت ایک جانب انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے تو دوسری جانب نہتے کشمیریوں کا خون بہارہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے علما سے کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ماہ سے گھرون میں قیدکشمیریوں کا جینا دوبھر کردیا گیا ہے۔ بھارتی فوج روزانہ نہتے لوگوں کی گرفتار کرنے اور بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 72 سال سے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور آج بھی بھارتی عزائم کا سامنا کیے ہوئے ہیں۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے کر بھارت پر کرفیو ہٹانے کے لیے دبائو ڈالنا چاہیے، آزادی کشمیر کی جدوجہد جاری رہے گی، اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے پر کشمیری عوام شکریہ ادا کرتی ہے۔اس موقع پر علما کرام نے آزادی کشمیر کے حوالے سے دعا بھی مانگی۔
فاروق حیدر
