ویٹی کن سٹی (اے پی پی)دنیا بھر میں مسیحی برادری نے مذہبی تہوار کرسمس نہایت جوش وخروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ مرکزی دعائیہ تقریب ویٹی کن کے سینٹ پیٹربیس لیکا میں منعقد ہوئی جہاں دنیا بھر سے آئے مسیحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسز نے تقریب سے خطاب میں خدا کی محبت پر بھروسے کی بات کی۔ پوپ نے کہا کہ یہ بے لوث محبت برے انسانوں سمیت ہر ایک کے لیے ہے،ہمسائے سے اچھا برتائو کریں اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی مسائل ہیں انہیں بہانے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے، ہمارے دل بند ہوں گے تو خود پرستی، دھوکا دہی اور تاریکی ہمارے اندر گھر کر جائے گی، ہمیں دنیا کی اصلاح کے لیے متحد ہونا ہو گا اور امن کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مت سوچیں کہ انسانیت سے محبت وقت کا ضیاع ہے، ہمت باندھیں، اعتماد مت کھوئیں، امید کا دامن مت چھوڑیں ۔ پوپ فرانسز نے کہا کہ خدا ہمیں لوگوں سے محبت کا درس دیتا ہے، چاہے وہ ہمارا کتنا ہی مخالف کیوں نہ ہو۔ دوسری جانب اسرائیل میں پوری دنیا سے آئے ہوئے مسیحیوں نے یروشلم سے بیت اللحم تک نکالے گئے ایک مارچ میں حصہ لیا۔ یہ مارچ حضرت عیسیٰ ؑ کی جائے پیدائش پر قائم چرچ آف نیٹیوٹی پر ختم ہوا۔
