حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری انڈسٹریز سندھ ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے کہا ہے کہ صنعتوں کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے، پانی مسائل سے واقف ہیں، صنعت میں اضافے سے روزگار بڑھے گا، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائٹ میں پانی کی سپلائی کے مسائل سے واقف ہیں۔ آبادی میں اضافے کے باعث پانی کی سپلائی میںمشکلات ہیں۔ ہماری تمام ترتوجہ صنعتی ترقی کی طرف ہے ، انڈسٹریز بڑھیں گی تو لوگوں کو روزگار ملے گا ۔ قبل ازیں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ایم شاکر میمن نے صوبائی سیکرٹری کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ صوبے کی صنعتوں کی ترقی کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، حیدرآباد میں ریوینیو اور روزگار فراہم کرنے والی صنعتیں تباہی کے دہانے پر کھڑی ہیں، حیدرآباد سائٹ کی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پانی کی لائنوں کی خستہ حالی کی وجہ سے صنعتوں کو پانی مہیا نہیں ہوتا ، نکا سی آب کا بھی نظام درہم برہم ہے ، سڑکوں کی تعمیر کی بھی اشد ضرورت ہے او ر حیدرآباد سائٹ میں تجاوزات کے خاتمے پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلٹر پلانٹ تعمیر کے باوجود آپریشنل نہیں ہو سکا ہے ، حیدرآباد سائٹ فیز IIمیں صنعتکا روں نے 2کروڑ 55لاکھ 68ہزار روپے پیشگی سائٹ کو ادا کیے ہیں اس کے باوجود ابھی تک صنعتی پلاٹ نہیں دیے گئے ۔اس موقع پر سید یاور علی شاہ ، مظہرالحق چودھری ، شاہد کے کے ، عامر شہاب ، عبد الوحید شیخ ، حفظ الرحمن ، اعظم چوہان ، نور الدین نو ری ، پیر سید محمود آئی جعفری احسن ناغر ، ضیا ء مسرور جعفری ، وسیم جی ، محمد اقبال شیخ ، محمد اقبال ، محمد اسلم نربان ، ، عبد الستار خان ،ایوب شریف ، یوسف میمن ، شوکت سومرو ، محمد حسین غو ری ، جاوید اقبال و دیگر موجود تھے ۔
نسیم الغنی سہتو
