English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلیا ،جنگلات کی آگ کے باعث 4 ہزار لوگ محصور

آسٹریلیا: ریاست وکٹوریا کے سیاحتی مقام ملاکوٹا کے ساحل پر لوگ پھنسے ہوئے ہیں‘ جنگلات میں لگی آگ سے فضا سرخ ہوگئی ہے

کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کے جنوب مشرقی جنگلات میں تیزی سے پھیلتی آگ کے باعث ہزاروں لوگ ساحل سمندر پر پہنچ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق آسٹریلیا کے جنوب مشرق میں لگی جنگلاتی آگ اب وکٹوریاکے ساحلی شہر ملاکوٹا کے گرد ونواح میں پھیل چکی ہے، جب کہ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران عملے کا ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ آگ کی شدت کے باعث دھوین کے سیاہ بادلوں نے فضا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے اور دن کے وقت بھی رات ہونے کا گمان ہوتا ہے۔ نکلنے کا کوئی راستہ نہ ہونے کے باعث 4 ہزار شہری ساحل سمندر پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے شہریوں کو سمندری یا پھر فضائی راستے سے نکالنے کے منصوبے پر غور کیا جارہا ہے۔ حکومتی ترجمان اینڈریو کرسپ کا کہنا تھا کہ ہمارا عملہ ساحل پر موجود افراد کی حفاظت کررہا ہے۔ ادھر نیوساؤتھ ویلز میں ساحلی علاقے بیٹمینز کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور وہاں بھی شہریوں نے سمندر کو محفوظ مقام سمجھ کر پناہ لے رکھی ہے۔ آسٹریلوی حکام کی جانب سے نئے سال کی آمد پر ساحل سمندر پر چھٹی منانے والے ہزاروں افراد کو کئی روز سے ساحل سے دور جانے کی ہدایت کی جارہی تھی۔ حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ ساحل پر پھنسے افراد کو محدود پیمانے پر کشتیوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے۔ کارروائیوں کے دوران اب تک 4افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے اور سرکاری اہل کار ان کی شناخت کے لیے تفتیش کررہے ہیں۔ پیر کے روز میلبورن کے مضافات سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیاتھا۔ واضح رہے کہ ملاکوٹا آسٹریلیا کا ایک سیاحتی مقام ہے جو ریاست وکٹوریا میں واقع ہے۔ یہ میلبورن شہر سے 500 کلو میٹر دور مشرق میں واقع ہے۔ گزشتہ روز صبح سویرے تنبیہ کے لیے سائرن بجا یا گیا اور شہریوں کو ساحل کی جانب جانے کی ہدایت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے