نئی دہلی( آن لائن )بھارتی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل منوج مکنڈ نرونے نے کہاہے کہ پاکستان کی بجائے چین کے ساتھ سرحد پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق بدھ کو آرمی چیف کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے جنرل منوج مکنڈ نرونے کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ متنازع سرحد کی حد بندی ہونا ابھی باقی ہے ،ہم ملک کے شمال مشرقی علاقوں سمیت شمالی سرحدوں پر اپنی صلاحیتیں اور استعداد بڑھانے جا رہے ہیں۔پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے سے متعلق سیاسی قیادت کے بیانات کے حوالے سے جنرل منوج مکنڈ نرونے نے کہا کہ فوج اس بارے میں تمام خطرات اور حکمت عملی کا تجزیہ کرتی ہے،قبل ازیں منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد جنرل منوج مکنڈ نرونے نے پاکستان کو گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے منبع پر پیشگی حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے ، سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کے بارے میں ملک کے ردعمل میں نئی روایت ڈالی گئی ہے اور اس کا اظہار پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
