English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد امریکی وزیرخارجہ سرگرم

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں سفارت خانے پر حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خطے میں امریکا کے حلیف ممالک سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ جب کہ مائیک پومپیو نے یوکرائن سمیت مختلف ممالک کے دورے بھی ملتوی کر دیے ہیں۔ مائیک پومپیو نے اسرائیل اور عراق کے وزرائے اعظم اور قطر کے نائب وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مائیک پومپیو نے اپنی مرحلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات کا تحفظ کیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیا مین نیتن یاہو سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ پومپیو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ نیتن یاہو نے ایران کے عزائم کے خلاف اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ مائیک پومپیو نے مزید لکھا کہ انہوں نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے بھی فون پر بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر نے 31 دسمبر کو امریکی سفارت خانے پر ہونے والے حملے کی مذمت اور امریکا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کے پیش نظر امریکی وزیر خارجہ نے یوکرائن سمیت مختلف ممالک کے دورے بھی ملتوی کر دیے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق مائیک پومپیو نے یہ دورے عراق کی صورتِ حال کے پیش نظر ملتوی کیے ہیں۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اوٹیگس نے مزید بتایا کہ بغداد کے امریکی سفارت خانے نے مظاہروں کے پیش نظر قونصلر آپریشن معطل کر دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے