لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب عمران خان کے اشاروں پر سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنارہے ہیں۔سلطنت عمرانیہ رانا ثنا اللہ پر منشیات کیس ثابت کرنے میں ناکام رہے، نیب نے عمران خان کے کہنے پر رانا ثنا اللہ پر آمدن سے
زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے۔ بکری اور بھینس چوری کے مقدمات کے بعد آمد ن سے زائد اثاثوں کے کیسز بھی تاریخ کے سیاہ دھبے ہیں۔ رانا ثنا اللہ عمران خان کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے خطرہ بننے ہوئے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نوازشریف کا وہ شیر ہے جو نہ ڈرنے والا اور نہ جھکنے والا ہے۔ جان اللہ کو دینے کا دعوی کرنے والے شہریارآفریدی اب اے این ایف پر ملبہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہارانا ثنا اللہ کیخلاف ابھی بھی ثبوتوں کا دعوی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ 6 ماہ تک رانا ثنا اللہ کیخلاف ایک بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ایک جج ارشد ملک کی وڈیو جاری ہونے کے بعد ان کو کام سے روک دیا گیا۔ چیئر مین نیب کی مبینہ وڈیو پر حکومت نے چیئر مین نیب کو کام کرنے سے نہیں روکا۔ حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہوائوں کا رخ بدلنے کا بیان دینے والے چیئر مین نیب ایک ہفتے بعد ہی اپنے بیان سے مکر گئے۔ چیئرمین نیب عمران خان کے اشاروں پر سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنارہے ہیں۔
