اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ پرتمام سیاسی قوتوں کا اتحاد جمہوری روایات کا آئینہ دار ہے،سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ پاکستان دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام ہے، پارلیمنٹ نے پاکستان کے اصل چہرے کو اجاگر کیا ہے، ملک کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفاد کو اہمیت دی،پارلیمنٹ اور میڈیا مبارکباد کے مستحق ہیں، آج جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے، قانون سازی کا عمل اتفاق رائے سے مکمل ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرکے قانون کو منظور کیا،دفاع کمیٹی کے اجلاس میں تمام اراکین کو بروقت اطلاع دی۔بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر سینیٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز اور سنیٹر فیصل جاوید کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ نے پاکستان کا فلاحی اور جمہوری ریاست کا حقیقی چہرہ اجاگر کیا ہے، قومی اسمبلی میں جو قومی اتحاد اور مفاہمت کی ایک شاندار جھلک نظر آئی تھی، آج سینیٹ نے بھی اس جھلک کا قانونی عمل مکمل کرکے ملک کے وسیع تر مفاد میں بالغ نظری اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے قانون سازی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ ملک کے وزیراعظم کی ذمے داری ہے کہ ملک کے دفاع کو یقینی بنانا ہے جس کی ذمے داری تھی اس کو اختیار دیا گیا ہے، اس کو مزید مضبوط بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ جڑے رویے ان کو عملی طور پر پاکستان کے اندر خطے کی مجموعی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سیاسی قیادت اور قومی سوچ رکھنے والی جماعتوں نے پاکستان کو تقویت دی ،قومی مفاد کو مظبوط کیا اور ملکی دفاع کو مزید مظبوط بنانے کے لیے عملی قدم اٹھایا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سروسز ایکٹ بل منظور ہونے کے بعد پارلیمنٹ سینیٹ اور میڈیا سب مبارکباد کے مستحق ہیں، میڈیا نے ملک اور قوم کے لیے آواز اٹھائی ہے ،جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔
