دمشق: شام میں ایران اور عراق کی فوجی تنصیبات پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 8 اہلکاروں سمیت 4 شہری اور 2عراقی حکام جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رسان ادارے کے مطابق شام میں عراقی سرحدکے نزدیک اسرائیلی طیارے نے بمباری کی،جسم یں عراق اور ایران کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا جو ایران اور عراق کے حمایت یافتہ جنگجو گروپس کے زیر استعمال تھا۔
طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 8 فوجی اہلکار، شام میں کام کرنے والے 4 سماجی کارکنان اور 2 عراقی حکام کے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 فوجی اہلکار شدید زخمی ہیں۔
دوسری جانب طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونےوالوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جبکہ اسلحہ ڈپو مکمل طور پر تباہ ہوگیاہے۔
ادھر شام میں انسانی حقوق کے مبصرین کا کہنا ہےکہ فضائی حملہ ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی تنصیبات پر کیا گیا ہے جبکہ جنگ زدہ شام میں صورت حال پرنظر رکھنے والے ایک برطانوی ادارے کے مطابق بمباری اسلحہ ڈپو پر کی گئی۔
عراقی حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ مبینہ طورپراسرائیلی طیاروں نےاسلحے اور میزائل سے لدے دو ٹرکوں کو نشانہ بنایاہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سےواقعے کی تردید یا تائید نہیں کی گئی ہے جبکہ یہ بات بھی مدنظر رکھی جائے کہ اسرائیل اس سے قبل بھی کئی ایسےحملے کرچکا ہے۔

