English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوسف گیلانی کے مشیر کیخلاف ایل پی جی کوٹہ کیس کا فیصلہ 27جنوری کو سنایاجائیگا

القمر

اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے سابق مشیر میاں خرم رسول کے خلاف ایل پی جی کوٹہ کیس کا فیصلہ 27 جنوری کو سنانے کاحکم دیا ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث محفوظ فیصلہ نہیں سنایا گیا۔ عدالت نے ایل پی جی کوٹہ کیس پر 7 جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی بینک اکائونٹس کیس کسانوں کے لیے گنے سبسڈی میں خورد برد ریفرنس میں خواجہ انورمجید ، عبد الغنی مجید اور دیگر کے خلاف ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ۔عبد الغنی مجید، داؤدی مورکاس ، راشد احمد سمیت دیگر ملزمان کو احتساب عدالت پیش کیا گیا، جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ باقی ملزمان کہاں ہیں کیا وہ مل نہیں رہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ انور مجید جوڈیشل کسٹڈی میں ملیر جیل کراچی میں ہیں کچھ ملزمان کا ابھی یہ پتا نہیں چل سکا کہ وہ دنیا کے کس کس ملک میں ہیں وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ انورمجید اتنے بیمار ہیں کہ انہیں یہاں شفٹ نہیں کیا جا سکتا ۔عدالت نے حکم دیا کہ انور مجید کی میڈیکل رپورٹس سے آگاہ کیا جائے ، عدالت نے عبد الغنی مجید، داودی مورکاس سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 6فروری تک ملتوی کردی۔ مزید برآں احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جبکہ احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست مسترد کر دی ہے ۔جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے لیاقت قائم خانی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔اس موقع پر لیاقت قائم خوانی کو پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے