اسلام آباد (صباح نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے جامع منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے، صحافیوں کے مسائل کے حل کیلیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں، کسی بھی میڈیا ورکر کا اپنی ذمے داریاں اد اکرنا آسان نہیں، صحافی ایک ایسا طبقہ ہے جو سب کی خبر گیری کرتا ہے، لیکن اس کی خبر گیری ویسے نہیں کی جاتی جیسا کرنے کا حق ہے، میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے، فرائض کی ادائیگی کا معاوضہ جاں بحق ہونے کے بعد ملنا لمحہ فکرہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے کیمرا مین فیاض علی کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اہل خانہ سے اظہارتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فیاض علی کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جوارِ رحمت میں جگہ اور بلندی درجات اور لواحقین کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میڈیا تنظیموں اور مالکان کے ساتھ مل کر تنخواہوں کا مسئلہ حل کرائیں گے جاں بحق کیمرا مین فیاض علی کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے دیے جائیں گے،کیمرا مین کے بھائی کو وزارت اطلاعات میں نوکری دی جائے گی اور والدین کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جب وزارت کی ذمے داری سونپی گئی تو میڈیا کے مسائل اور صحافیوں کی فلاح بہبود کیلیے عملی اقدامات اٹھانے کی خلوص دِل سے کوشش کی اور یہ کوشش بھرپور قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ ہمیں مسائل کو وقتی مصلحتوں کے بجائے طویل المدتی پیرائے میں دیکھنا ہوگاتاکہ اس طرح کے دلخراش واقعات پیش نہ آئیں جو معاشرے کو دہلا کر رکھ دیتے ہیں، ان کا حل بہر صورت نکلنا چاہیے۔ ایک شعبے یا طبقے کے بجائے ہمیں اجتماعی طور پر دیکھنا ہوگا کہ معاشرے کے وجود پر لگے محرومیوں کے زخموں پر مرحم نہ رکھا تو یہ ناسور بن جائے گا۔
میڈٰیا ورکرز کے مسائل حل کیلیے جامع منصوبے کی ضرورت ہے،فردوس عاشق
القمر
