اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ میں مادر پدر رخصت بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی ہے۔ سینیٹ میں سینیٹر قرۃ العین مری نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں بل زیر غور لانے کی تحریک پیش کی ۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ بل میں بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ دی جانے والی رخصت کی مدت سے متعلق غیر منطقی رخصت کا تعین کیا گیا ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ پہلے بچے کی پیدائش پر رخصت کا دورانیہ مختلف ہو اور اس کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کی پیدائش پر رخصت کا دورانیہ کوئی اور رکھا جائے۔ اس چیز کو یکساں بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ والد کے لیے بچے کی پیدائش پر ایک ماہ کی رخصت کی تجویز کی گئی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کو سالانہ48 چھٹیوں کی ویسے ہی اجازت ہے۔ ایک ماہ کا دورانیہ کم ہونا چاہیے اور کم مدت کا تعین کیا جائے۔ یہ معاملہ ترمیم کر کے دوبارہ ایوان میں لایا جا سکتا ہے۔ اس معاملے کا تعلق صرف وزارت خزانہ سے نہیں بلکہ وزارت صحت سے بھی ہے اور صحت سے متعلق قائمہ کمیٹی کی اس میں رائے شامل نہیں کی گئی۔ بعد ازاں چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے قواعد سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ سینیٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔
سینیٹ‘بچے کی پیدائش پروالدین کیلیے رخصت بل کثرت رائے سے منظور
القمر
