English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیپکوکے ڈیڈکشن بلز کیخلاف تحریک شروع کریں گے ،ہارون میمن

القمر

سکھر( نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ سیپکو انتظامیہ نے سردی کے موسم میں بھی ڈیڈکشن بلز جاری کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے بل ادا کرنے والے صارفین کے ساتھ مسلسل نا انصافی اور ظلم کیا جارہا ہے سیپکو انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو سیپکو کی بڑھتی ہوئی نا انصافیوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرکے سیپکو دفاتر کے سامنے دھرنے دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیپکو سے متعلق شکایات کرنے کیلیے ان کے دفتر میں آنے والے شہریوں اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جی محمد صابر، خواجہ جلیل احمد، بدر رفیق قریشی، صابر کپتان، حاجی انور وارثی، محمد پناہ سومرو، مولانا عثمان فیضی، لالا عابد کھوکھر، فیاض خان، برکت سولنگی، سید محمود علی، محمد شاہد اور نفیس احمد دیگر بھی موجود تھے ۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سال سے ڈیڈکشن بل کی درستگی کیلیے بلوں کی بڑی تعداد سیپکو دفاتر میں جمع ہے ان ڈیڈکشن بلز کو درست کرکے نہیں دیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو انتظامیہ نے تاجروں اور شہریوں کو لوٹنے کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جائے پہلے بل ادا کرنے والے صارفین کو ہی ڈیڈکشن بل جاری کیا جاتا ہے پھر کھلی کچہری کے نام پر آدھی ڈیڈکشن ختم کرکے آدھی وصول کرلی جاتی ہے جو کہ سراسر بددیانتی اور قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مالکان کے بقایا جات موجودہ مالکان کے بلوں میں لگائے جارہے ہیں اور بجلی لائن کاٹنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ یہ بھی بالکل غلط اور نا انصافی ہے ۔ حد تو یہ ہے کہ جو علاقے سیپکو نے ایکسپریس کیے ہیں یا جہاں پر میٹرز کو سیکوئر کیا گیا ہے ان علاقوں کے صارفین کو بھی ڈیڈکشن بل جاری کیے جارہے ہیں۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ جب سے موجودہ سیپکو چیف عہدے پر آئے ہیں سیپکو انتظامیہ نے صارفین کے ساتھ لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو انتظامیہ نے تاجروں اور شہریوں کو دھمکانے اور لوٹ مار کے ذریعے رقم بٹورنے کا سلسلہ بند نہ کیا اور بلاوجہ بجلی کی لائن کاٹنے کیلیے دھمکایا تو سیپکو چیف کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائیگی اور بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو تنگ و پریشان کرنے کے دوران صارفین کا کوئی رد عمل سامنے آیا تو ساری ذمے داری سیپکو چیف پر عائد ہوگی۔ حاجی محمد ہارون میمن نے انتباہ دیا کہ سیپکو انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو احتجاجی تحریک شروع کرکے سیپکو دفاتر کے سامنے دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم، وفاقی وزیر پانی و بجلی ، وفاقی سیکریٹری واٹر اینڈ پاور اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سیپکو کی صارفین کے خلاف بڑھتی ہوئی نا انصافیوں اور مظالم کا نوٹس لیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے