لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت 6فروری تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس چودھری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی ۔ حمزہ شہباز کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ اور اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے ۔ جسٹس عبد العزیز نے استفسار کیا کہ آپ کو دلائل کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا؟ ۔ جس پر امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھے دلائل مکمل کرنے کے لیے آدھا گھنٹہ درکار ہو گا۔ جسٹس عبد العزیز نے کہا کہ میں نے ایک جنازے میں شرکت کرنی اگر آپ کو آسانی ہو تو کیس کو ملتوی کر دیتے ہیں۔ جس پر امجد پرویز ایڈووکیٹ سے نے کہا کہ جیسے عدالت مناسب سمجھے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ جج صاحب نے جنازے میں شرکت کے لیے نارووال جانا ہے،آئندہ ہفتے کی تاریخ مقرر کر دیتے ہیں۔ جس پر حمزہ شہباز کے وکلا نے کہا کہ جیسے عدالت حکم کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ فاضل عدالت نے ضمانت کی درخواست پر سماعت6 فروری تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ: حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی
القمر
