لندن (اے پی پی) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ پاکستان صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان اور کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل چاہتے ہیں، بھارت کا طرز عمل خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے، عالمی برادری اجتماعی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے تو مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بدھ کو تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں بھارت نے جو حالات پیدا کر رکھے ہیں، اس پر کسی بھی ملک کا ردعمل سامنے نہیں آیا البتہ مختلف ممالک کے ارکان پارلیمنٹ نے عوامی سطح پر ان کشیدہ اور سنگین حالات پر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجا فہیم کیانی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے کئی کانفرنسوں میں شرکت کی لیکن پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ کی شرکت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو تقویت ملی۔ اس سے بھارت کے خلاف برسرپیکار کشمیریوں اور سفارتی محاذ پر کوشاں کشمیری اور پاکستانی تنظیموں اور کمیونٹی کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ حریت کانفرنس کے رہنما الطاف احمد بٹ، آل پارٹیز کشمیر گروپ کی چیئرپرسن رکن آف پارلیمنٹ ڈیبی ابرایم، دیگرارکان پارلیمنٹ اسٹیو بیکر، مارکو لونگی، افضل خان، یاسمین قریشی ،لارڈ قربان، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب ، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجا فہیم کیانی ، ڈاٹر آف کشمیر کی چیئر پرسن زبیدہ خان اور بڑی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ کونسلرز اور کمیونٹی رہنمائوں نے خطاب کیا۔ برطانیہ میں انتخابات کے بعد یہ پہلی کانفرنس تھی جس میں 50 کے قریب ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی ۔
بھارت کا طرز عمل خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے، صدرآزادکشمیر
القمر
