اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان سے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ون آن ون ملاقات کی ہے۔جس میں ملکی سیکورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ادارے کی پیشہ وارانہ امور اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین اورگورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی الگ الگ ملاقات کی۔ بیان کے مطابق عمران خان اور جہانگیر خان ترین کے درمیان ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم سے گورنر سندھ نے بھی ملاقات کی صوبہ سندھ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہیں نسیم الرحمن نے ملاقات کی۔ عمران خان نے انہیں ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کرنے کے لیے جامع پروگرام ترتیب دیا جائے۔
وزیراعظم سے آئی ایس آئی کے سربراہ کی ملاقات،سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال
القمر
