نیکوسیا (انٹرنیشنل ڈیسک) قبرص نے یورپی کمپنی کے ساتھ طیاروں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانے ولاے میزائلوں کے حصول کا ایک معاہدہ کیا ہے، جس کی مالیت 15 کروڑ یورو مالیت بتائی جا رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق قبرص نے مشرقی بحیرہ روم میں گیس کے ذخائر پر ترکی کی جانب سے دعوؤں کے ردعمل میں یورپی کمپنی کے ساتھ متنازع کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سمجھوتا انقرہ حکومت کے ساتھ ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔یورپی میزائل ساز کمپنی ایم بی ڈی اے کے ساتھ 150 ملین یورو کے معاہدے کے تحت قبرص کو مختصر فاصلے تک زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فراہم کیے جائیں گے۔ فرانسیسی اخبار لا ٹریبیون کے مطابق مسٹرال طرز کے میزائل جلد ہی قبرص حکومت کے حوالے کردیے جائیں گے۔ دریں اثنا یورپی کمپنی نے قبرص ہی کی بحریہ کے ساتھ بھی 9 کروڑ یورو کا ایک دوسرا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت کمپنی اکزوسٹ نامی میزائل فروخت کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ترکی اور اس کے پڑوسی ملک قبرص کے درمیان تناؤ جاری ہے اور اس کشیدگی میں اضافہ گزشتہ سال دسمبر میں اُس وقت ہوا جب ترک خبر رساں اداروں نے انکشاف کیا کہ انقرہ حکومت قبرص کے قریب جزیرے میں ایک بحری اڈا تعمیر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فرانس نے بحیرہ روم میں ترکی کے خلاف اپنے جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس کی یونانی وزیرا عظم نے اقدام کی کھلی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرانسیسی جہاز امن کے ضامن ہوں گے۔ اس سے قبل فرانسیسی صدر ترکی کی لیبیا کے لیے عسکری امداد پر بھی تنقید کر چکے ہیں۔
ترکی کے ساتھ تنائو‘ قبرص کا میزائل خریدنے کا معاہدہ
القمر
