English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا میں کورونا سے دوسرا مریض �لاک بڑے اجتماعات پر پابندی

القمر

واشنگٹن ؍ برسلز ؍ ریاض ؍ تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک میں مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جبکہ حفاظتی اقدامات اور انتظامات کے باعث عالمی معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں مہلک وبا سے ایک اور شخص کی موت واقع ہو گئی ہے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2 اور 70 سے زائد متاثرین کی تصدیق کی جا چکی ہے۔گورنر نیو یارک کے مطابق 30 سالہ خاتون نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا جسے اس کے گھر ہی میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب نے بھی پیر کے روز کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کردی ہے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق مہلک وائرس کا شکار ہونے والا شخص سعودی شہری اور حال ہی میں ایران کا سفر کرکے بحرین کے راستے واپس آیا تھا۔ دوسری جانب کئی یورپی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں وائرس پھیلنے کے بعد بڑے اجتماعات سمیت مختلف سفری پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ یورپی کمیشن کے مطابق وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 89 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔ اسی دوران جرمنی میں گزشتہ 2 روز کے دوران کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔ ہفتے کے روز یہ تعداد 66 بتائی گئی تھی جو پیر تک 130 ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ’’کووڈ 19‘‘ 60 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اُدھر چین کا کہنا ہے اتوار اور پیر کے درمیان مزید 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اعداد شمار کے مطابق چین میں متاثرین کی تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے جبکہ جنوبی کوریا، ایران اور اٹلی میں دن بہ دن نئے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ 2008ء کے مالی بحران کے بعد بدترین صورت حال کا شکار ہے جب کہ عالمی سطح پر مختلف پابندیوں کی وجہ سے دنیا بھر کی مارکیٹوں کو 5 کھرب ڈالر سے زائد خسارے کا سامنا ہے۔ اس دوران ہیوسٹن میں توانائی کانفرنس منسوخ کردی گئی ہے جب کہ یورپی سیاحتی صنعت شدید متاثر ہوئی ہے، جسے ماہانہ ایک ارب یورو کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
واشنگٹن: کورونا وائرس سے متاثر شہری کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے