English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کومختلف شعبوں کیلیے 30کروڑڈالرفراہم کرینگے، عالمی بینک

القمر

اسلام آباد/واشنگٹن(اے پی پی/آن لائن) عالمی بینک نے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے امداد اور قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔اس میں سے 20کروڑ ڈالر پنجاب میں انسانی وسائل کے فروغ اور 10کروڑ ڈالر بلوچستان میں اداروں کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی، ذرائع معاش کی سپورٹ اور انٹر پرائزیز ڈیولپمنٹ کے لیے منظور کیے۔اس ضمن میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر فار پاکستان الینگو پیچاموتھو نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط ترین اثاثہ اس کے عوام ہیں، زندگی کے آغاز میں سرمایہ کاری بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے لیے ضروی ہے تا کہ شہری ترقی کی منازل طے کر سکیں۔بیان کے مطابق منصوبہ ایک کروڑ 80 لاکھ افراد کے لیے بچوں کی پیدائش کے وقت قابل پروفیشنلز کی موجودگی، قوت مدافعت کی بہتری، ماں کی دیکھ بھال سمیت صحت کی سہولیات کا معیار بہتر بنائے گا، بچوں کی ابتدائی تعلیم اور نوجوان والدین کو مہارت کی تربیت فراہم کرے گا ۔اس سلسلے میں منصوبے کے سربراہ یونگ ینگ چو نے کہا کہ بچے کی افزائش میں ابتدائی ایک ہزار دن انتہائی اہم ہوتے ہیں، اسطرح زچہ و بچہ کی دیکھ بھال کو ترجیح دینا پاکستان میں انسانی سرمایے کو مضبوط بنانے اور پیداواری صلاحیتوں کے لیے لازم ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے لیے ریجنل سب ونڈو برائے پناہ گزین اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے)کی کمیونیٹیز کے ذریعے 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا پیکج منظور کیا گیا جس میں اداروں کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی اور ذرائع معاش کی سپورٹ اور انٹر پرائزیز ڈیولپمنٹ کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے