English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترکی کے ساتھ پناہ گزینوں کے معاہدے پر قائم ہیں ،یورپی یونین

القمر

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ 2016ء میں کیے گئے پناہ گزینوں سے متعلق معاہدے پر قائم ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترکی اور یونان کی سرحد پر پناہ گزینوں کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ پیر کے روز ترک صدر رجب طیب اردوان نے برسلز میں یورپی یونین کی قیادت سے ملاقات کی تھی،جس کے بعد یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن اور یورپی کونسل کے صدر شارل مشیل کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے معاہدے سے دستبرداری کے باوجود برسلز اس پر قائم ہے۔ ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہاکہ اس وقت مہاجرین اور یونان دونوں ہی کو مدد کی ضرورت ہے، تاہم یہ کام ترکی کی حمایت کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ دوسری جانب تُرک صدر اِردوان نے کہا ہے کہ یونانی حکومت کا مہاجرین کے ساتھ سلوک قتل کے مترادف ہے۔ دورہ برسلز سے واپسی پر انہوں نے یونان اور یورپ جانے کے خواہش مند مہاجرین کے خلاف یونانی پولیس کے وحشیانہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایتھنز حکومت کے ہاتھوں برہنہ کیے گئے مہاجرین کی تصاویر اقوام متحدہ میں پیش کریں گے۔ برسلز میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نیٹو کو ان مشکل لمحات میں انقرہ کی حمایت کرنی چاہیے۔ صدر اردوان نے کہا کہ تر کی 9 سال سے شام کی جانب سے لاحق خطرات کا مقابلہ کررہا ہے۔ انقرہ نے داعش کے ساتھ لڑائی کے دوران اپنے فوجیوں کو قربان کیا۔ اب ہمیں توقع ہے کہ نیٹو وقت پڑنے پر ترکی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرے گا اور دیگر رکن ممالک سے بھی امید ہے کہ وہ ترکی سے تعاون کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے