واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی بحری بیڑے کے جبری مستعفی کپتان کی توہین کرنے پر وزیر بحریہ کو استعفا دینا پڑ گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکرٹری تھامس موڈلی کا استعفا سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے منظور کر لیا ہے۔ تھامس موڈلی نے اپنی ایک آڈیو جس میں انہوں نے امریکی طیارہ بردار جہاز روز ویلٹ کے کپتان بریٹ کو بے وقوف کہا تھا، سامنے آنے کے بعد غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگی تاہم حزب اختلاف کی جانب سے تھامس موڈلی کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ طیارہ بردار جہاز کے کپتان بریٹ روزیئر نے اپنے ساتھیوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے مدد طلب کی تھی۔ جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں برطرف کردیا تھا۔ سیلرز میں انتہائی مقبول کپتان روزیئر کو جہاز سے روانگی کے وقت عملے نے سلیو ٹ کر کے تالیوں کی گونج میں رخصت کیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے قائم مقام نیوی سیکرٹری تھامس موڈلی نے برطرف کپتان کی حوصلہ افزائی کرنے والے بحری جہاز کے عملے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمل سے باوردی نیوی اہل کاروں اور کمانڈر انچیف کے درمیان تفریق بے نقاب ہو گئی۔ نیوی کے سویلین اعلیٰ عہدے دار تھامس موڈلی نے بحری جہاز پر لاؤڈ اسپیکر سسٹم کے ذریعے پیغام میں طیارہ بردار جہاز روزویلٹ کے عملے کی جانب سے برطرف کپتان بریٹ روزیئر کو روانگی کے وقت سلیوٹ کرنے اور تالیاں بجانے کوسخت ناپسند کیا تھا۔ انہو ںنے کہا تھا کہ باوردی اہل کار اپنے کمانڈر انچیف کی پیروی کا حلف اٹھاتے ہیں لیکن اس بار اس میں تفریق دیکھی گئی۔
امریکی بحری بیڑے کے کپتان کو بے وقوف کہنے پر وزیر مستعفی
القمر
