راولپنڈی/ اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) بھارتی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیز فائر لائن اور بین الاقوامی کنونشنزکی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر کنٹرول لائنکے ڈھڈنیال، رکھ چکری، چیری کوٹ اور بروح سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 سالہ بچہ محمد حسیبشہید جبکہ 72 سالہ بزرگ اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے، بھارتی ناظم الامور گوراو اَہلووالیا کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق کنٹرول لائنکے ساتھ مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پرپاک فوج کے جوانوں نے مؤثر انداز میں جواب دیا اور ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ شروع کی گئی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا و سارک) زاہد چودھری نے پیر کو بھارتی ناظم الامور گوراو
اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکیجنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے جسسے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جو کسی بھی تزویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے۔ مزید برآں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ یہ بہت ہی افسوسناک بات ہے کہ جب دنیا کورونا وائرس کے بہت بڑے چیلنج سے گزر رہی ہے اور پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی جا نب سے کوششیں ہو رہی ہیں کہ عالمی سطح پر تعاون بڑھایاجائے اور آپس میں مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا جائے تاہم ہمارے خطے میں ایک ایسا ملک بھی ہے جو اپنی وہی پرانی ظلم ، بربریت ، لوگوں کو تقسیم کرنے ، امتیاز برتنے اور ہندوتوا کی پالیسی کی روش پر آج تک قائم ہے اور نہ اس سے اپنا رویہ بدلا اور نہ راستہ بدلا، یہ بھارتی فوج کا ایک چلن رہا ہے کہ یہ ہمارے سویلینز کو نشانہ بناتے ہیںاور سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کئی ہفتے قبل یہ بات شروع کی ہے کہ جو ترقی پذیر ممالک ہیں ان کی ڈیٹ ری اسٹرکچرنگ کے بارے میں عالمی سطح پر سوچنا چاہیے ، یہ پوری دنیا کے سامنے ایک غیر معمولی صورتحال ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ہے۔
بھارتی فائرنگ سے بچہ شہید،4 زخمی ،بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج
القمر
