English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کئی ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی ‘برطانوی وزیراعظم کا انکار(دنیا بھرمیں ہلاکتیں2لاکھ10ہزار)

القمر

نیویارک/میڈرڈ/پیرس (اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا سے متاثرہ کئی ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرم کردیا گیا جبکہ برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں نرمی سے انکار کردیا ہے، بورس جانسن نے کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ڈاؤننگ اسٹریٹ میں اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ادھر دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 10 ہزارسے تجاوز کرگئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے بعد اس مہلک وبا سے متاثر ہونے والے کئی ممالک میں معمولات زندگی ایک بار پھر بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔چین کے دو بڑے شہروں بیجنگ اور شنگھائی میں اسکول کھول دیے گئے ہیں جبکہ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ووہان کے اسپتالوں میں موجود کورونا وائرس کے تمام مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جنہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔عالمی وبا سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر والا ملک امریکاکی کئی ریاستوں میں عاید پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ نیویارک کے گورنر نے بھی اشارہ دیا ہے کہ مئی کے وسط سے نیویارک کو جزوی طور پر کھول دیا جائے گا،دیگر امریکی ریاستوں جارجیا، شمالی کیرولائنا اور ٹینیسی میں چند کاروبار کھول دیے گئے ہیں اور گھروں میں قیام کے احکامات میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔اسی طرح کیلی فورنیا اور فلوریڈا نے بھی ساحل سمندر پر نافذ کردہ پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔ یورپی ملک اٹلی میں 4 مئی سے معمولات زندگی پر لگائی گئی پابندیوں کو نرم کرنے گا آغاز ہو گا جب کہ اسپین بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کر چکا ہے۔سعودی عرب نے مکہ کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث نافذ کیے گئے کرفیو میں جزوی نرمی کر دی ہے۔ سعودی عرب نے کل (بدھ) سے بعض شرائط کے ساتھ شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔دیگر ممالک کی طرح بھارت بھی بتدریج لاک ڈاؤن ختم کرنے کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور بھارت نے ہفتے کے روز دیہی علاقوں اور شہروں کے مضافات میں کاروبار کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ملک اٹلی میں چار مئی سے پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم گوسیپی نے مزید کہا کہ پبلک پارکس کھول دیے جائیں گے۔ تاہم اسکول ستمبر تک بدستور بند رہیں گے۔یورپی ملک اسپین میں جہاں امریکا کے بعد سب سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وہاں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسپین میں 14 سال سے کم عمر بچوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔یورپی ملک جرمنی نے بھی سماجی دوری اختیار کرنے اور فیس ماسکس کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے پیر کے روز سے اسکولز اور کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے۔جبکہ روس میں بھی معاشی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات کی تعداد 210,379 ہوگئی ہے۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا سے امریکا میں اب تک 56286ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دنیا بھر میںکورونا وائرس اب بھی پھیل رہا ہے تاہم بعض ملکوں میں اس کے پھیلائو کی رفتار کم ہوئی ہے۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 1000441ہے۔ کورونا وائرس سے اٹلی میں 26977اور سپین میں23521 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3045821 جبکہ اموات210,379تک پہنچ گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے