لاہور(نمائندہ جسارت)نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے صدر مملکت اور وزیراعظم کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ نیشنل لیبر فیڈریشن چونکہ پاکستان میں لیبر کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے، ہم اس تشویشناک صورت حال میں آپ کو تجاویز پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان پرجنگی بنیاد پر عمل درآمد کیاجائے گا۔ وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ پاکستان میں 80 فیصد لیبر رجسٹرڈہی نہیں جبکہ ہیومن رائٹس واچ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انفارمل سیکٹرکے لیبر کی رجسٹریشن کا سرے سے کوئی نظام ہی نہیں ہے، فارمل سیکٹر میں بھی ایک کروڑ لیبر رجسٹریشن سے محروم ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ کم از کم اجرت اور سوشل سیکورٹی سے بھی محروم ہیں۔اگر ان کا ڈیٹا ہی نہیں تو حکومت ان کی امداد کیسے کرے گی؟ لہٰذافوری اور جنگی بنیاد پر ان کی رجسٹریشن کا نظام وضع کیا جائے۔ فارمل سیکٹر میں مستقل یا عارضی اور ٹھیکیداری نظام کے تحت کام کرنے والوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کویقینی بنایا جائے۔انفارمل سیکٹر کے دہاڑی دار طبقے کے لیے مالی امداد اور راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔لیبر قوانین کو یکجا اور مؤثر بنایا جائے، ان کی خامیاں دور کی جائیں، لیبر قوانین کا دائرہ انفارمل سیکٹر تک بڑھایا جائے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اور ان پر عمل درآمد کرنے والی کرپٹ مشینری کا احتساب کیا جائے۔پاکستان میں اس وقت انسانوں کی حفاظت کے لیے لاک ڈاؤن ایک ضروری عمل ہے، لیکن لاک ڈاؤن 2 دھاری تلوار کی طرح ہے، اگر یہ کمزور ہوتو عوام وبا کا شکار ہوںگے اوراگر مضبوط ہو توبے روزگاری کا شکار ہوںگے، پاکستان میں غذائی کمی کی وجہ سے نشونما پہلے ہی کمزور ہے۔،غربت کی وجہ سے لیبر کی جسمانی اور ذہنی صحت انتہائی کمزور ہے، حکومت پاکستان معیشت کو کھڑا کرنے اور ملازمتیں بچانے کی مختلف کوششیں کررہی ہے اور اس غرض کے لیے انڈسٹری کو معاشی اور ریگولیٹری پیکجز فراہم کررہی ہے، انڈسٹری صرف ایکوپمنٹس، مشینری، بلڈنگزاور سرمائے وغیرہ ہی کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا ایک بہت اہم حصہ انسانی و سائل ہیں،جس میں ہر ہنرمند اور غیر ہنر مند شامل ہیں، خواہ ان کو بلاواسطہ یا بالواسطہ ٹھیکیدار یا کسی فرنچائز کے ذریعے ملازمت دی گئی ہو۔فیکٹریوں کی پیداوار کے معیار،مقدار اورترقی کا انحصار لیبر کی جسمانی اور ذہنی صحت پر ہے۔ یو این کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی اور لیبر بحران کی وجہ سے پوری دنیا میںلیبر کلاس بے روزگاری کا شکار ہوگی۔
ہر قسم کے مزدوروں کی رجسٹریشن کا نظام بنایاجائے‘ این ایل ایف
القمر
