English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹرمپ کی صدارتی مہم شروع کورونا ویکسین کا وعدہ سرفہرست

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس ہونے والے وسط مدتی صدارتی انتخابات کے لیے مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے آغاز پر انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ رواں برس کے اختتام تک کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کر لی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم کا آغاز فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو سے کیا۔ انٹرویو کے لیے انہوں نے لنکن میموریل کے اندرونی احاطے کا انتخاب کیا۔ ٹرمپ نے عوام پر زور دیا کہ وہ عالمی وبا سے پھیلنے والی مایوسی کو ترک کریں اور شاندار مستقبل کی طرف دیکھیں۔ 2گھنٹے طویل انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے زیادہ وقت کورونا وائرس اور اس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر صرف کیا۔ انٹرویو کے دوران عام شہریوں نے بھی صدر سے بذریعہ وڈیو لنک سوالات کیے۔ انٹرویو کے دوران ایک خاتون نے اپنے سوال میں کہا کہ وہ معاشی طور پر تباہ ہو چکی ہے، جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ آپ کی ملازمت واپس آ جائے گی اور آپ پہلے سے زیادہ پیسے کما سکیں گی۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو زیادہ وقت تک بند نہیں رکھ سکتے اور ملک کو تنہا بھی نہیں کر سکتے۔ امریکا کے لیے اگلا سال شاندار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت پُرامید ہیں کہ رواں برس کے اختتام تک ویکسین تیار کر لی جائے گی، امریکی عوام موسم گرما میں ساحل پر جا سکیں گے اور ستمبر سے اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے مشیروں نے انہیں ان پیشگوئیوں کے بارے میں بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی تاریخ میں وہ پہلے صدر ہیں جس نے اپنی مدتِ صدارت کے ابتدائی تین برسوں کے دوران سب سے زیادہ کام کیا ہے۔ ٹرمپ اس بات پر بھی زور دیتے رہے کہ ان کی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے شاندار کام کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے