اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے صدر الہم علیوف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے کوویڈ۔19 وبا اور صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعہ کو ایوان صدر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے 4 مئی 2020ء کو غیر وابستہ ممالک کے سربراہی سطح پرکنٹیکٹ گروپ کے ’’کوویڈ۔19 کے خلاف اتحاد‘‘ کے موضوع پر کامیاب اور بروقت اقدام کو سراہا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے صدر کو پاکستان میں کوویڈ۔19 کی صورتحال اور اس وبا کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کوویڈ۔19 کی وبا کی روک تھام کے لیے کوششوں میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے آذربائجان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر میں نقل وحرکت کی پابندیوں کی وجہ سے صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سے کورونا وائرس کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے خلاف کوویڈ۔19 کے ضمن میں مہم کا نوٹس لے۔ صدر علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل قانون میں تبدیلی کر رہا ہے، اس کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے جو چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ آذربائیجان پاکستان کو اپنا قریبی دوست سمجھتا ہے اور ہر فورم پر اس کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے نگارا کاراباخ تنازع پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے، عارف علوی
القمر
