English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں، وزیراعظم

القمر

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے، ہمیں اپنے فیصلے زمینی حقائق اورعوام کی حالت زار دیکھ کر کرنے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے معاونین، چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلی ٰخیبر پختونخوا نے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں صحت کی سہولیات، اسپتالوں کی استعداد میں اضافے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا،معاون خصوصی صحت ظفرمرزا نے ملک بھر میں متاثرین کےاعداد و شمار، مصدقہ کیسز، جغرافیائی پھیلاؤ ااور ٹیسٹنگ کی تعداد سمیت کیسز میں اضافے سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری آبادی کو جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے ہے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس ہے،ہمیں اپنے فیصلے زمینی حقائق اور عوام کی حالت زار دیکھ کر کرنے ہیں، لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے،کاروبارکی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،جب تک معیشت بحال نہیں ہوجاتی غریب و نادار طبقے کی مشکلات بڑھیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی پالیسی نہایت واضح ہے،عوام  کی زندگیوں کو غیر ضروری خطرے میں ڈالے بغیر ہر شعبے میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس عوام پرسختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے، حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے عوام دوست اور آگاہی پر مبنی طرزعمل اپنایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلی بلوچستان نے ٹرانسپورٹ بندش پر عوام کو درپیش مسائل کا تذکرہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کی بندش سےعام آدمی کا کاروبار اور نقل وحرکت شدید متاثر ہوئی۔

اس پر وزیراعظم نے احکامات جاری کیے کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے تاکہ اس سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے