جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے پیش گوئی کی ہے کہ بر اعظم افریقا میں کورونا وائرس ڈیڑھ لاکھ اموات کا باعث بن سکتا ہے۔ آیندہ 12 ماہ کے دوران مختلف افریقی ملکوں میں 23 کروڑ سے زیادہ افراد اس عالمی وبا کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ جمعہ کے روز شائع ہونے والے اس مطالعے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یورپ اور امریکا کے مقابلے میں افریقا میں انفیکشن ریٹ کم رہے گا جبکہ بیماری کی شدت اور شرح اموات بھی دنیا کے دیگر حصوں سے کم رہنے کا امکان ہے۔ افریقا میں 45 لاکھ افراد کو کورونا وائرس کے باعث اسپتالوں میں داخل کرانا پڑ سکتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے یہ مطالعہ ایسے خدشات کے تناظر میں کرایا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں میں کمزور طبی ڈھانچوں کے باعث مقامی آبادیوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ علاوہ ازیں عالمی ادارۂ صحت کے افریقا امور کے سربراہ ڈاکٹر ماتشی دیسو موئٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کے سبب افریقا میں ناکافی خوراک کی وجہ سے 20 کروڑ افراد کی صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے حال ہی میں 26 ایسے ممالک کی نشاندہی کی ہے جو کووڈ 19 کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی بنا پر خوراک کی کمی کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان میں افریقی ممالک ایتھوپیا، نائیجیریا اور موزمبیق قابل ذکر ہیں۔ ان 3 ممالک میں ساڑھے 5 کروڑ سے زائد افراد پہلے ہی خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔
افریقا میں کورونا سے ڈیڑھ لاکھ اموات کا خدشہ ہے‘ عالمی ادارہ
القمر
