English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم کانوٹس بے اثر،پیٹرول کی قلت برقرار،شہری مشتعل

القمر
پشاور: پیٹرول کی قلت کے باعث ایک پمپ پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہے

کراچی /لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ /پشاور( اسٹاف رپورٹر +نمائندگان جسارت)وزیراعظم عمران خان کا نوٹس بے اثر ثابت ہوا۔ملک بھر میں 10ویں روز بھی حکومت عوام کو سستے پیٹرول کی فراہمی میں ناکام رہی۔سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور آ زاد کشمیر میں بیشتر پیٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہیں ۔بڑی تعداد میں بند پیٹرول پمپس بدھ کو بھی نہ کھلے جس کے باعث عوام پریشان اور مشتعل دکھائی دیے ۔سرکاری انتظام میں چلنے والی آئل مارکیٹنگ کمپنی کے پمپس پرپیٹرول دستیاب ہے تاہم وہاں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں،اور طویل انتظار کے بعد بھی محدود مقدار میں پیٹرول دیا جارہا ہے۔موٹرسائیکل کو 2 سے ڈھائی لیٹر اور گاڑی کو 10سے 15 لیٹرسے زاید پیٹرول فراہم نہیں کیا جارہا۔علاوہ ازیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پیٹرول بحران کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور پیٹرولیم کمپنیوں کے سربراہان کو آج طلب کرلیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور ڈپو چیک کرے گی جن میں کیماڑی، پورٹ قاسم، شکارپور، دولت پور اور سانگھڑ کے ڈپو شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ ذخائر نہ ہونے یا مصنوعی قلت کرنے والی کمپنیز کے خلاف کرمنل کیسز درج ہوں گے اور ملوث کمپنیز کے لائسنز بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔4 رکنی کمیٹی میں ایف آئی اے، اوگرا، پی ایس او اور ایچ ڈی آئی پی کے افسران شامل ہیں۔دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ میں پیٹرول اور آٹا بحران کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی وزیرپیٹرولیم، ڈی جی نیب خیبرپختونخوا اور وفاقی سیکرٹری پٹرولیم کو آج طلب کرلیا۔پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ہر چیز پر نوٹس لیتا ہے لیکن آٹا اورپیٹرول بحران پرکیوں خاموش ہے۔جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ لوگوں کو پیٹرول نہیں مل رہا کسی کو کوئی پرواہ ہی نہیں، افسوس ہوتا ہے ایسے وزرا پر جو صرف اجلاس کے لیے جاتے ہیں اور مراعات لیتے ہیں۔نمائندہ اوگرا نے کہا کہ ہم نے کمیٹی بنائی ہے جو پمپس پیٹرول نہیں دے رہے ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ جب کسی معاملے کو دباناہوتا ہے تو حکومت اس کے لیے کمیٹی بنا دیتی ہے، کمیٹی کو چھوڑیں، اس کی بات مت کریں، نیب صرف اپنی مرضی کے کیسز میں دلچسپی لیتا ہے، چیئرمین نیب بھی ہر چیز پر نوٹس لیتے ہیں لیکن پیٹرول اور آٹا بحران پر خاموش ہیں، عوام کے مفاد کے لیے بھی کوئی کام کرنا چاہیے لیکن اس معاملے پر نیب سورہا ہے۔جسٹس قیصر رشید نے سیکرٹری فوڈ سے استفسار کیا کہ آٹا بحران کا کیا ہوا؟۔ سیکرٹری فوڈ نے بتایا کہ پنجاب سے آٹا اور گندم کی سپلائی ہورہی ہے کچھ ہفتوں میں قیمت معمول پر آجائے گی ۔ عدالت نے سیکرٹری فوڈ سے آٹا بحران پر تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے