انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ فوج کے کمانڈوز عراق میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں تک پہنچ چکے ہیں اور دہشت گردی کے مراکز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں شروع کیا گیا پنجہ شیر عسکری آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترک فوج مختلف علاقوں میں تلاشی اور اسکریننگ کا کام کررہی ہے، ساتھ ہی حفتنین میں دہشت گرد تنظیم پی کے کے کی پناہ گاہوں، غاروں اور ٹھکانوں کو ایک ایک کرکے تباہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حکام نے آپریشن کے دوران کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ علاوہ ازیں ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسوئے نے کہا ہے کہ عراق میں جاری آپریشن پنجہ شیر اور پنجہ عقاب کا مقصد ملکی سلامتی کے علاوہ عراقی سرزمین کی سالمیت کو دہشت گرد تنظیم پی کے کے کی وجہ سے درپیش خطرات سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایہ ملک سے تعاون چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں بغداد میں متعین ترک سفارت خانے نے عراقی حکام کو مطلع کردیا ہے۔ دوسری جانب پی کے کے تنظیم کا دہشت گرد صابری دال ترک خفیہ ایجنسی اور پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم انٹرپول کو بھی مطلوب تھا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق صابری کی سلوپی نامی قصبے میں روپوشی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور اسے تب گرفتار کیا گیا، جب وہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
عراق میں تُرک فوج کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں تک پہنچ گئی
القمر
