English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلیا: چین کیلیے جاسوسی کا الزام ، رکن اسمبلی کے دفتر پر چھاپا

القمر

 

سڈنی (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رکن اسمبلی پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ان کے دفتر پر نیشنل سیکورٹی ایجنسی نے چھاپا مارا، جب کہ ان کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی نے نیو ساؤتھ ویلز سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان شوکت موسلمین کے دفتر پر چھاپا مارا۔ چھاپا مار کارروائی رکن اسمبلی پر جاسوسی کے الزام کی تحقیقات کے لیے کی گئی، تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی سے متعلق زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم لیبر پارٹی کی رہنما جوڈی مک نے کہا کہ جاسوسی کا الزام انتہائی تشویش ناک ہے، تحقیقات مکمل ہونی چاہیے اور تب تک مذکورہ رکن اسمبلی ہمارے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ اس حوالے سے آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی پر کسی دوسرے ملک کے لیے جاسوسی کے الزام کی تحقیقات کچھ عرصے سے جاری ہیں، لیکن اس معاملے پر مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا۔ حکومت ملکی معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت برداشت نہیں کرے گی۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی رکن پارلیمان شوکت موسلمین کے خلاف چین کے لیے جاسوسی کرنے کی تحقیقات کئی ماہ سے جاری ہے، تاہم اب تک رکن اسمبلی پر کسی قسم کا الزام ثابت نہیں کیا جا سکا ہے۔ یاد رہے کہ چین نے حال ہی میں آسٹریلیا پر پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے