کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کرکے الیکٹرک سمیت تمام چوروں اور ڈاکوؤں کو بے نقاب کرے گی۔
جےآئی یوتھ کے تحت کے الیکٹرک کی نااہلی ناقص کارکردگی، سخت گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے خلاف اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل پر احتجاجی مظاہرے سے حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر اسامہ رضی اور جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم ابدالی نے بھی خطاب کیا۔
مظاہرے میں کے الیکٹرک کی ظلم و زیادتیوں اور حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف شرکائ نے زبردست نعرے بازی کی،جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جس میں تحریر تھا کہ کے الیکٹرک جواب دو ظلم کا حساب دو، بھتہ مافیا ، تانبا چور کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ زرداری گروپ کا اومنی پلانٹ تو چل رہا ہے لیکن کے الیکٹرک نہیں چل پارہا،وفاقی حکومت میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی دونوں موجود ہیں، عوام کے ساتھ دھوکا بند کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک سالانہ اربوں روپے کا منافع کمارہا ہے لیکن عوام کو بجلی سہولت فراہم نہیں کررہاہے،کے الیکٹرک کا پورا سسٹم تباہ ہوچکا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے سب سے زیادہ فایدہ کے الیکٹرک کو فراہم کیا،منی لانڈرنگ کیس میں عارف نقوی کو پکڑا گیا جو کہ عمران خان کے خاص آدمی ہے۔
امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک 90 ارب روپے گیس کا نادہندہ ہے، ابراج گروپ کو فرار کرانے کی تدبیریں کی جارہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور اس کے تحت کے الیکٹرک کے معاملات چلائے جائے، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، آئل اور گیس دونوں پر پلانٹ چلائے جائے۔
امیر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ پر اعتماد کرتے ہیں، ججز کو ڈھائی کروڑ عوام کی طرف دیکھنا ہوگا۔ کراچی کے لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کے الیکٹرک نے عوام پر ظلم بند نہ کیا تو ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، کورونا وائرس کی وبا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ عوام پر ظلم ہے، جب بھی گرمی آتی ہے کے الیکٹرک طرح طرح کے بہانے بنا کر لوڈ شیڈنگ کرتا رہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کا ادارہ کراچی کے عوام پر گزشتہ 15 سالوں سے ظلم ڈھا رہا ہے، کے الیکٹرک کو پرائیویٹ ادارہ بنا کر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے، حکمران اب پاکستان اسٹیل مل ادارے کو بھی فروخت کرکے عوام کو سوہانے خواب دکھارہےہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی فراہمی کی ذمہ داری کے الیکٹرک کی نہیں حکومت کی ہے، حکومت کے الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہے، وفاقی و صوبائی حکومت دونوں کے الیکٹرک کے ساتھ ہیں اور عوام پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔
ہاشم ابدالی کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، شہر کراچی ملک 67 فیصد ریونیو جرنیٹ کرنے والا شہر ہے، اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ہم نظم کی کال پر زبردست احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
