English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکمرانوں نے بلوچستان کے مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی ، عبدالحق ہاشمی

القمر

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا قیام اور دیانتدار قیادت ہے۔ گیلانی سے لے کر عمران خان تک حکمرانوں نے بلوچستان کے اصل مسائل کے حل اور محرومیوں کو ختم کرنے کے بجائے اپنی کرسی مضبوط کرنے کے لیے روایتی جاگیردار طبقے کو راضی رکھا ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار کے بغیر ہر فورم پر بلوچستان کے حق حاکمیت تسلیم کرنے سے لے کر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھاتی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن، اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری
ندیم بلوچ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ جن لوگوں نے اقتدار کے مزے اور حقوق بلوچستان پر سودے بازی کر کے اپنے مفادات کی تکمیل کی آج وہی پھر بلوچستان کے حقوق کی بات کر کے کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مائنس ون یا ٹو کا مسئلہ نہیں ہے، فرسودہ و ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور کرپٹ قیادت سے نجات کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے کیونکہ ایک فرد کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جماعت اسلامی مظلوم، مزدور اور غریب دشمن نظام کے خلاف اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے