اسلام آباد: اعلیٰ عدالیہ نے 196 دہشت گردوں کی رہائی کا پشاور ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی امین نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی، ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا مجرمان رہائی کے فیصلے کے بعد جیلوں میں ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجرمان جیلوں میں ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ عدالت پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرے۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے 196 دہشت گردوں کی رہائی کاحکم دیا تھا۔ فوجی عدالتوں میں تمام دہشت گردوں کا ٹرائل ہوا تھا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے 196 دہشت گردوں کی رہائی کا حکم معطل کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت سے دہشت گردوں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔

