واشنگٹن/ نئی دہلی (اے پی پی) دنیا بھر میںکورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس سے6 لاکھ 13 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں میں اس وقت کورونا وائرس کے 5332338 فعال کیسز ہیں، مجموعی طور پر 14,876,330افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 613722 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد39 لاکھ61 ہزار سے زیادہ ہے‘ اب تک ایک لاکھ 44 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں متاثرہ افراد کی تعداد21 لاکھ 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک 80 ہزار سے زاید افراد لقمۂ اجل بن گئے ہیں۔ بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا کی وبا سے اب تک 11لاکھ 56 ہزار سے زاید افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 37148 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ‘مزید587 افراد ہلاک ہوگئے۔
دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ سے متجاوز
القمر
