English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قائمہ کمیٹی خزانہ کا عبدالحفیظ شیخ کیخلاف تحریک استحقاق کا اعلان

القمر

 

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سے متعلق کسٹمز کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر مشیرخزانہ حفیظ شیخ کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کا اعلان کردیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس فیض اللہ کاموکا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین جاوید غنی نے بتایا کہ طورخم بارڈر سے 441 ٹرک کسٹم کلئیرنس کے بغیر داخل ہوئے۔جاوید غنی نے بریفنگ میں کہا کہ اس اسکینڈل میں کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر، پرنسپل آپریزر، سپرینٹنڈنٹ، گیٹ کیپراورڈرائیورز ملوث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 328 گاڑیاں کسٹمز سے کلئیر ہو کر داخل ہوئیں جبکہ 113گاڑیاں اور900 پِک اپ بھی اسی طرح کسٹمز کلئیرنس کے بغیر
داخل ہوئیں، ٹرکوں میں خشک میوہ جات، پھل سبزیاں شامل تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی جس نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہے۔چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو بھی لکھا گیا لیکن جواب نہیں آیا-قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تحقیقات کے حوالے سے ایف بی آر کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے اور آئی بی حکام کو طلب کر لیا-چیئرمین ایف بی آر نے اس موقع پر کہا کہ اس معاملے کی ایک ماہ میں انکوائری رپورٹ پیش کر دیں گے اورملوث افراد کے خلاف ثبوت کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ ایران اور افغان سرحد پر کورونا وائرس کے خلاف نافذ ایس او پیز کو نرم کیا جائے، افغانستان کی درخواست پر سامان بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن بھارت کا سامان افغان ٹرکوں پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی-اس موقع پر کمیٹی کی رکن کمیٹی نفیسہ شاہ نے کہا کہ افغانستان کو سامان بھارت سے بھجوانے کی اجازت دینے سے ہمارے کاشت کاروں کو نقصان پہنچے گا-نفیسہ شاہ نے کہا کہ قومی نوعیت کے بل التواء کا شکار ہیں لیکن مشیر خزانہ حفیظ شیخ خزانہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوتے-انہوں نے کہا کہ بطور رکن پارلیمنٹ میرا استحقاق مجروح ہورہا ہے، اس لیے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنا چاہتی ہوں۔اجلاس میں شریک پی ٹی آئی اراکین نے بھی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے خلاف تحریک استحقاق کی حمایت کی-پی ٹی آئی اراکین آفتاب صدیقی اورجمیل احمد نے کہا کہ اس معاملے پر نفیسہ شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشیر خزانہ کو آخری خط لکھا جائے-چیئرمین کمیٹی فیض اللہ کاموکا نے کہا کہ اگر مشیر خزانہ رضا مندی ظاہر نہیں کرتے ہیں تو پھر تحریک استحقاق پیش کی جائے گی۔ چیئرمین کمیٹی نے نیشنل بینک اوراسٹیٹ بینک کی طرف سے اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں صدر نیشنل بینک بھرتیوں کا مکمل ریکارڈ اور بھرتی کا معیار پیش کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے