English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بیحرہ روم میں ممکنہ حملے پر ترکی کی یونان کو دھمکی

القمر

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر بحیرۂ روم میں توانائی کے ذخائر تلاش کرنے والے اس کے بحیری بیڑے پر حملہ ہوا تو یونان کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ خیال رہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے یونان اور ترکی کے درمیان اس وقت شدید تناؤ ہے۔ تُرک صدر رجب طیب اردوان نے یونان کو مزید کشیدگی بڑھانے پر خبردار کیا ہے۔ ترک صدر نے اپنی جماعت کے ارکان سے بات چیت میں کہا کہ ہم نے یونان کو بتا دیا ہے کہ اگر تم نے ہمارے اروک ریز (سمندری جہاز) پر حملہ کیا تو آپ کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ تاہم اردوان نے اس کی کوئی مزید تفصیل نہیں بتائی۔ ترکی نے اس ہفتے کے اوائل میں یونان کے کاسٹیلوائز جزیرے پاس مشرقی بحیرہ روم میں گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے اپنا بحری بیڑا بھیجا تھا جس کے ساتھ بہت سی کشتیاں بھی تھیں۔ اس کے جواب میں یونان نے اس علاقے میں فوجی لشکر سے لیس اپنا بحری بیڑا تعینات کردیا۔ یونانی ذرائع ابلاغ مطابق یونانی بحری بیڑے نے ترکی کے جہاز اروک ریز کے ساتھ چلنے والی ایک کشتی کو ٹکر ماری تھی اور ترک صدر کا بیان اسی کے رد عمل میں آیا ہے۔ دوسری جانب تُرک وزیر ِ خارجہ مولود چاوش اولو نے یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اس اتحادکے خارجہ تعلقات و سلامتی پالیسیوں کے اعلیٰ نمایندے جوزف بوریل کو مشرقی بحیرہ روم میں تازہ ترین پیش رفت اور اس حوالے سے ترکی کے موقف پر مشتمل خطوط بھیج دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے